کندرکی تھانہ علاقہ میں ٹیمپو اور نامعلوم گاڑی میں آمنے سامنے تصادم، دو کی حالت نازک، متعدد زخمی
نامہ نگار: سید عارف میاں
کندرکی (مرادآباد): تھانہ کندرکی کے تحت گاؤں کلوارہ میں ہفتہ کے روز ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک ٹیمپو اور نامعلوم گاڑی کے درمیان آمنے سامنے زور دار ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ متعدد دیگر کو بھی چوٹیں آئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ٹیمپو گاؤں کی جانب جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی ایک نامعلوم گاڑی سے اس کی ٹکر ہو گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ ٹیمپو بری طرح تباہ ہو گیا اور موقع پر افرا تفری مچ گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ کندرکی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمی افراد کو ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج مقامی صحت مرکز میں جاری ہے۔
پولیس نے متاثرہ گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری اور لاپروائی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس پورے معاملے کی تفصیلی تفتیش کر رہی ہے۔
مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سڑک حفاظت کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس نوعیت کے افسوسناک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
