سیفنی میں عقیدت کے ساتھ عید کی نماز ادا کی گئ، امن و چین کی دعائیں مانگی گئیں
نامہ نگار: محفوظ سقلینی
سیفنی: عید کے مبارک موقع پر سیفنی میں ہفتہ کی صبح عید کی نماز نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ مقررہ وقت کے مطابق صبح تقریباً 8:30 بجے عیدگاہ میں نماز ادا کی گئی، جس میں سیکڑوں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔
نماز کی امامت کے فرائض شہر امام قاری عتیق الرحمن صاحب نے انجام دئے ۔ نماز کے بعد خطبہ پیش کیا اور ملک میں امن، بھائی چارے اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کرائیں۔ اس موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد پیش کی اور خوشیاں بانٹیں۔
صرف سیفنی ہی نہیں بلکہ اطراف کے کئی دیہات سے بھی بڑی تعداد میں لوگ عیدگاہ پہنچے۔ ان میں للوارا، بھجن پور، بیروآ، چھتونی، چندرپور کلاں اور ساگرپور سمیت دیگر علاقوں کے نمازی شامل رہے۔ عیدگاہ کا ماحول خوشی، رونق اور بھائی چارے کی بہترین مثال پیش کر رہا تھا۔
سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس انتظامیہ مکمل طور پر مستعد نظر آئی۔ عیدگاہ اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، جس کے باعث نماز پُرامن طریقے سے ادا کی گئی۔ مقامی انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر موجود رہے اور انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔
پورے پروگرام کے دوران نظم و ضبط اور امن کا ماحول برقرار رہا، جس سے یہ تہوار آپسی بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام دیتا نظر آیا۔
