file_0000000043b082088a9cc57827ab2576
ادارہ

مسلمانوں کی سیاست کا اصل سوال: اکھلیش یادو یا چندر شیکھر راون؟

ڈاکٹر میم الف نعیمی

اگر عبدل کو علامتی سیاست ہی کرنی ہے تو پھر اکھلیش یادو اور چندر شیکھر راون میں آخر فرق کیا ہے؟ فرق صرف اتنا ہے کہ چندر شیکھر راون کی سیاست سے بی جے پی کو وہ خطرہ نہیں جو اکھلیش یادو کی سیاست سے ہو سکتا ہے۔ اکھلیش یادو وہ سیاسی قوت بن سکتے ہیں جو اتر پردیش میں بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

سیاست جذبات، نعروں اور جلسوں میں سر اٹھا کر تصویریں کھنچوانے کا نام نہیں؛ سیاست اقتدار کے توازن کو سمجھنے، ووٹ کی طاقت کو پہچاننے اور اپنے مخالف کو شکست دینے کی حکمتِ عملی کا نام ہے۔

مسلمانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کسی رہنما کی مقبولیت اور اس کی سیاسی افادیت دو الگ چیزیں ہیں۔ کوئی رہنما جذباتی تقریروں سے دل جیت سکتا ہے، کوئی مظلوموں کی آواز بن سکتا ہے، مگر اصل سوال یہ ہے کہ اس کی سیاسی حکمتِ عملی سے اقتدار کے ایوانوں میں کس کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور کس کو نقصان؟

اویسی صاحب کی سیاست پر یہی بنیادی سوال اٹھتا ہے کہ اگر اتر پردیش میں بی جے پی کو شکست دینے کی صلاحیت رکھنے والی سیاسی قوت اکھلیش یادو ہیں، تو مسلمانوں کو ان سے الگ کرکے چندر شیکھر راون کے پیچھے کھڑا کرنے کی سیاست کا حاصل کیا ہے؟ کیا اس تقسیم سے بی جے پی کمزور ہوتی ہے یا اس کے مخالف ووٹ مزید بکھر جاتے ہیں؟

یہ سوال کسی شخصیت کی مخالفت کا نہیں، سیاسی نتائج کا ہے۔ مسلمانوں کو اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کے ووٹ کی سمت کیا ہے، ان کے سیاسی فیصلوں کا فائدہ کس کو پہنچتا ہے اور ان کی جذباتی وابستگی کا فائدہ کون اٹھاتا ہے۔

یاد رکھیے! سیاست میں صرف یہ اہم نہیں ہوتا کہ آپ کس کے ساتھ کھڑے ہیں؛ یہ بھی اہم ہوتا ہے کہ آپ کے کھڑے ہونے سے کون مضبوط ہو رہا ہے اور کون اقتدار میں برقرار رہتا ہے۔

مسلمانوں کو علامتی سیاست نہیں، نتیجہ خیز سیاست کا شعور پیدا کرنا ہوگا۔ کیونکہ ووٹ صرف اظہارِ جذبات نہیں، اقتدار کی تبدیلی کا ذریعہ بھی ہے۔

#مسلم_سیاست #اتر_پردیش #سیاسی_شعور #اکھلیش_یادو #چندر_شیکھر_راون #اویسی

About The Author


ادارہ